ملک گیر احتجاج ضرور ہوگا،عوام نئے انتخابات کی تیاری کریں:عمر ایوب

راولپنڈی(بیورورپورٹ)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاملک بھر میںہرصورت پرامن احتجاج ہوگا،پوری قوم بھرپور شرکت کرے،عمران خان کے ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

دریں اثنا سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، شہبازحکومت ناکام ہوچکی ،عوام نئے انتخابات کی تیاری کرےں،9مئی واقعات ،زمان پارک کے باہرکی سی سی ٹی وی فوٹیج کو سامنے لایا جائے،سی سی ٹی وی فوٹیج کو چھپانا بھی جرم ہے،نئے الیکشن ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاشہباز، مریم حکومت ڈوب گئی،دونوں نے فوج کو آگے کر دیا،عوام ،فوج کو کبھی بھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہئے، تمام مسائل کا ایک ہی حل نئے الیکشن ہیں،بانی پی ٹی آئی نے پنجاب کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کی کارکردگی کو سراہا، 5اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے، جلسے کی سربراہی علی امین گنڈا پور کریں گے۔

عمر ایوب نے کہاآئین کی غلط تشریح پرچیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران مستعفی ہوجائیں، چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے،خواجہ آصف جیسے بندے کی کوئی حیثیت نہیں،گرفتاریوں کے ماحول میںمذاکرات کیسے ہوسکتے ہیں،شہبازحکومت پاک فوج ،پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کررہی ہے،موجودہ حکومت کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر کنول شوزب نے کہا عمران خان کو سیاست کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بشریٰ کو ہدف بنانا شرمناک ہے، بشریٰ کو قید میں رکھنے کا مقصد عمران خان کو ٹارچر کرنا ہے۔