حکومتی حیثیت اپوزیشن جیسی ،ایک بندے کو دھڑا دھڑ انصاف کےلئے مسیحا موجود ہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے حکومتی حیثیت اپوزیشن جیسی ،ہر اقدام بے اثر کردیا جاتا ہے،ایک بندے کو دھڑا دھڑ انصاف کےلئے مسیحا موجود ہیں،پوری قوم انصاف کا دہرا معیار دیکھ رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاحکومتی کارروائی پر 5 منٹ میں ریلیف ، ہماری درخواستیں عدالتی تعطیلات کے باعث موخر کردی جاتی ہیں، کیا گرمی کی چھٹیاں صرف ن لیگ کےلئے ہیں،نظر آ رہا ہے انصاف بس ایک جماعت کےلئے ہے، عدالت سے پوچھنے آئی ہوں ہمیں انصاف کب ملے گا؟ صرف ایک جماعت کی خواتین قوم کی بیٹیاں ہیں یا ہم بھی ہیں، کیا مریم نواز ، مریم اورنگزیب قوم کی بیٹیاں نہیں؟ گھٹیا ،واہیات پروپیگنڈے کے باوجود میری لیڈر مریم نواز عوامی خدمت کےلئے کھڑی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا ہائیکورٹ میں2 منٹ میں پٹیشن دائر، 15منٹ میں نمبر لگ جاتا ہے، یہی دیکھنے آئی ہوں کیا مجھے بھی اسی طرح انصاف ملتا ہے یا نہیں، صرف بانی پی ٹی آئی کےساتھ کھڑے ہونےوالے محفوظ ہیں دوسرا کوئی نہیں،نازیبا ویڈیو پر میری تصویر لگا کر سوشل میڈیا پر اچھالا گیا، میری تصویر کو ٹوئٹر پر باقاعدہ طور پر ایک پارٹی کے لوگوں نے وائرل کیا، چیف جسٹس ہائیکورٹ لاہور خاتون ہیں، میں بطور صوبائی وزیر نہیں خاتون کے طور عدالت سے انصاف لینے آئی ہوں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا9مئی کی دہشتگرد بہنوں کو ہیرو بنا کر پیش کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کی 2خواتین نئی نئی ہیروئن بنیں، 9مئی کے دہشتگردوں کو کہا جا رہا ہے قوم کی بیٹیاں ہیں، ہم بھی قوم کی بیٹیاں ہیں، انصاف کون دےگا؟، مجھ سے پہلے حنا پرویز بٹ، ثانیہ عاشق اور مریم اورنگزیب کی جعلی نازیبا ویڈیوز پھیلائی گئیں، عاصمہ شیرازی ،غریدہ فاروقی کےخلاف اب بھی گندی مہم چل رہی ہے، کیا سب قوم کی بیٹیاں نہیں ہیں؟۔

وزیر اطلاعات نے کہاوزیراعلیٰ مریم نواز خواتین کو تحفظ دینے کےلئے کوششیں کر رہی ہیں، عدلیہ کا بھی فرض ہے خواتین ،بچیوں کو تحفظ دے، عدالت سے استدعا ہے ایف آئی اے کو کارروائی کرنے کیلئے کہا جائے میں اگر خود ایف آئی اے کو کہتی تو نوٹس 5 منٹ میں معطل ہو جانا تھا،مہم چلانے والوں کانام ای سی ایل میں شامل کیا جائے، نازیبا مواد کی مہم کچھ اوورسیز لوگ بھی چلا رہے ہیں، میں سوشل میڈیا بریگیڈ کے سامنے سرنڈر کرنے والی نہیں ۔