پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کاافتتاح،لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کرسکتے،مریم نواز


لاہور: ( اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مر یم نوازنے پاکستا ن میں پہلی بار عوام کا جامع اور مستند ڈیٹا مرتب کرنے کےلئے پنجاب سوشیو اکنامک پراجیکٹ کا افتتاح کردیا،پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے لئے صوبہ بھر میں 3ہزار سے زیادہ رجسٹریشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، عوام گھر سے بیٹھ کر بھی پورٹل پرخود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں، پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹر ی کی ہیلپ لائن02345 - 0800پر بھی رجوع کرسکتے ہیں۔

پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کر انے والے عوام ہی ای بائیک، سولر پینل، ہمت کارڈ، کسان کارڈسمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرام کے اہل ہوں گے،عوام کی فلاح و بہبود کے تمام پراجیکٹ کےلئے پنجاب سوشیو اکنامک ناگزیر ہے، پنجاب کے عوام کو رمضان پیکیج ان کی دہلیز پر پہنچایا لیکن رمضان نگہبان پروگرام شروع کیا تو پتہ چلا پنجاب حکومت کے پاس مستند ڈیٹا نہیں ،بعد ازاںپتہ چلا رمضان پیکیج غیر مستحق افراد کو بھی ملا، فزیکل ویری فکیشن کی گئی تو پتہ چلا ڈیٹا کے مطابق لوگ وہاں پر مقیم نہیں تھے، پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے لیکن پتہ نہیں کتنی آبادی کس سوشیو اکنامک کیٹگری میں آتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہانادرا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کے ذریعے رمضان پیکیج عوام کو تقسیم کیے گئے،پنجاب میں 45 لاکھ صارفین کےلئے سولر منصوبہ لا رہے ہیں جس سے بجلی کے بل آدھے ہو جائیں گے، حقداروں کی درجہ بندی کےلئے سوشل رجسٹری ضروری ہے۔

علاوہ ازیں مریم نواز سے آن لائن کیب سروس پرووائیڈر کریم کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں کریم کے کنٹری جنرل مینیجر عمران سلیم اور دیگر سینئر ایگزیکٹوز شامل تھے،ملاقات میں نوجوانوں بالخصوص خواتین کےلئے بہترروزگار کے مواقع اور عوام کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل وحمل کی مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں”کریم “کی خواتین ڈرائیور اور رائیڈرز کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ”وویمن سیفٹی ایپ “کو” کریم“کے ساتھ منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا،پنجاب میں عوام بالخصوص خواتین کےلئے رائیڈرز سروسز کی بہتری کیلئے قوانین متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، مریم نوازنے سروسز پرورائیڈر سیکٹر کی بہتری کےلئے پلان طلب کرتے ہوئے کریم بائیک رائیڈرز کےلئے سیفٹی گیئر کا استعمال ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مزید برآںوزیراعلیٰ مریم نواز سے چائلڈ لائف فاونڈیشن کے وفد نے ملاقات کی،وفد میں وائس چیئرمین چائلڈ لائف فاونڈیشن سہیل ٹبہ، چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احسن ربانی شامل تھے،چائلڈ لائف فاونڈیشن کے وفد نے ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق مریم نواز کے ویژن، خدمات اورمثبت تبدیلیوں کو سراہا،ملاقات میں پنجاب بھر میں بچوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اشتراک کار کا جائزہ لیا گیا اور ہسپتالوں میں سیکنڈ شفٹ کے اجراءکی تجاویز پر غور کیا گیا، بیسک چائلڈ ہیلتھ کیئر سٹرکچر میں بہتری کےلئے پنجاب حکومت کےساتھ تعاون کے لئے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا،دور دراز علاقوں میں چائلڈ ہیلتھ سے متعلق ٹیلی میڈیسن اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے آغاز پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا بچوں کی صحت اور تندرستی سب سے اہم ہے، پنجاب میں ہر بچے کےلئے بہترین علاج کی اعلیٰ سہولت تک رسائی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، معصوم بچوں کی زندگیاں بچانے اور بہتر ہیلتھ سروسز فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہیں،دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈسکہ کے قریب موٹرسائیکل اور کار میں تصادم سے 5 افرادکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیاہے۔