مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد،شیخوپورہ:(بیورورپورٹ) مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف (نظریاتی) اختر اقبال ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئی پی پیز سے بجلی مہنگے داموں خریدنے کےخلاف درخواست دائر کردی ہے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، مصطفی کمال، گوہر اعجاز رٹ پٹیشن میں ساتھ دیں، آئی پی پیز سے معاہدے گھناو¿نا گندا فعل ہیں جو پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، چیف جسٹس سے استدعا ہے رٹ پٹیشن کو انسانی بنیادی حقوق مفاد عامہ اور پاکستان کے مقدمے کے طور پر فوری سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

دریں اثنا سینٹ قائمہ کمیٹی نے آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی اصل دستاویزات طلب کرلیں،چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی نے وزارت توانائی سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کردیں جس میں 1992ءسے لے کر اب تک تمام آئی پی پیز معاہدوں کی اصل دستاویزات مانگی گئی ہیں،کمیٹی نے تمام آئی پی پیز کے نرخوں کا دیگر ترقی پذیر ممالک کے پاور پلانٹس سے موازنہ بھی طلب کیا گیا ہے۔