آئی پی پیز معاہدوں کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے: ایف پی سی سی آئی کااعلان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ایف پی سی سی آئی نے آئی پی پیز معاہدوں کےخلاف سپریم کورٹ جانے کااعلان کردیا۔

سابق نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے اپنی ٹوئٹ میں کہاچیمبرز آف کامرس نے آئی پی پیز کےخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) پاکستان کی کاروباری برادری کی اعلیٰ نمائندہ ہے، ایف پی سی سی آئی سپریم کورٹ میں باضاطہ طور پر پٹیشن دائر کرے گی وہ ناقابل برداشت صورتحال میں مداخلت کرے جو ہر پاکستانی کے حق زندگی کو متاثر کرتی ہے، آئی پی پی معاہدوں کے تحت، پاکستان اربوں روپے ان کمپنیوں کو ادا کرتا ہے جو بجلی پیدا نہیں کرتیں، مہنگی بجلی تمام پاکستانیوں کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے، بجلی کی زیادہ قیمت شہریوں کو غربت میں دھکیل رہی ہے اور کاروباروں کو دیوالیہ کر رہی ہے۔

گوہر ا عجاز نے کہا پاکستان چند برس میں ایک ہی غلطیاں دوبارہ نہیں برداشت کر سکتا ، نئے سرمایہ کاروں کا ایک گروپ کچھ نہ کرنے کے عوض پیسہ کمانا چاہتا ہے،مزید برآں صارفین کی نمائندہ تنظیم کیپ نے صارفین کے ریلیف کےلئے حکومت کو 15نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے آئی پی پیز کو صرف انکی پیداوار کے تناسب سے ادائیگیاں کرکے فی یونٹ پاور ٹیرف میں 25روپے کی فوری کمی کا مطالبہ کردیا۔


کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ کوکب اقبال نے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں کہا صارفین کو اضافی مالیاتی بوجھ سے تحفظ دینے کےلئے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں پر قومی سلامتی کے تناظر میں نظر ثانی کی جائے،بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافے سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہورہے ہیں،چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں کہا گیا ہے سٹیٹ بینک تمام بینکوں کو ہدایت کرے کہ وہ عوام کو سولر پینل کی خریداری کےلئے بلا سود آسان اقساط پر قرضے فراہم کرے تاکہ قدرتی وسائل سے بجلی حاصل کرکے پاکستان کے صارفین کو کم قیمت پر بجلی دستیاب ہو جبکہ سولر کے بہتر معیار کی ذمہ داری PSQCA کو دی جائے تاکہ صارفین کو معیاری سولر دستیاب ہوسکیں۔