لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آٹا نرخوں کی زائد وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائیگا۔وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کے مطابق صوبہ بھر میں آٹے کے نرخوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 679آٹا برانڈز کے 10اور 20کلوگرام تھیلوں کی قیمتوں کو چیک کیا گیا، لاہور ڈویژن میں 112، راولپنڈی میں 164، گجرات میں 48مختلف آٹا برانڈز کی قیمتیں چیک کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 52، فیصل آباد میں 67اور سرگودھا میں 32آٹا برانڈز کے نرخوں کو مانیٹر کیا گیا، ملتان ڈویژن میں 76، ساہیوال میں 31،ڈی جی خان میں 33اور بہاولپور میں 64آٹا برانڈز کی قیمتوں کو چیک کیا گیا۔بلال یاسین نے کہا کہ 24گھنٹوں میں 146گاڑیوں کی مدد سے گندم و آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی گئی۔3ہزار 279میٹرک ٹن آٹے و میدے کی بین الصوبائی ترسیل ریکارڈ کی گئی، تمام اضلاع میں آٹے کے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔بلال یاسین نے کہا کہ عام مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، محکمہ خوراک پنجاب فلور ملز سے ریٹیل شاپس تک مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کی نگرانی کر رہا ہے، عام مارکیٹ میں آٹے کے نرخوں میں زائد وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
آٹا نرخوں کی زائد وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا: صوبائی وزیر خوراک

















