لاہور (کورٹ رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے سپریم کورٹ میں دو ایڈ ہاک ججوں کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سالہا سال سے زیر التواءمقدمات کو نمٹانے کیلئے مزید چار ججوں کی تعیناتی کی جانی چاہیے ،سیاسی اور آئینی مقدمات کی بھرمار کی وجہ سے عدالتوں پر بے پناہ بوجھ ہے ،سیاسی معاملات اور عام سائلین کے مقدمات کے لئے الگ عدالتیں قائم کی جائیں۔ اپنے بیان میں وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے سائلین کی درخواستیں کئی کئی سالوں تک التواءمیں رہتی ہیں جو انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے ۔ ججوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے حکم امتناعی لینے اور اس کے خلاف اپیلوں کی شنوائی بھی نہیں ہوتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ عدالتوں پر سیاسی اور آئینی معاملات کے حوالے سے درخواستوں کا بے پناہ بوجھ ہے ، سیاسی درخواستیں پہلے روز سماعت کیلئے مقرر ہو جاتی ہیں جبکہ عام سائلین کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہونے کی باری ہی نہیں آتی ۔ تجویز ہے کہ آئینی ،سیاسی معاملات اور عام سائلین کی درخواستوں کی سماعتوں کیلئے الگ الگ عدالتیں ہونی چاہئیں ، عدالتوں کا نظام عام سائلین کے لئے بنایا گیا تھا جو سیاسی معاملات کی وجہ سے چوک ہوا پڑا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہائیکورٹس سے مزید ججوں کو سپریم کورٹ میں لے جا کر وہاں تعداد پوری کی جائے اور ہائیکورٹ میں بھی نئے ججوں کی تعیناتی کر کے تعداد کو پورا کیا جائے تاکہ سائلین کو بروقت انصاف مل سکے ۔
زیر التواءمقدمات نمٹانے کیلئے مزید ایڈ ہاک جج تعینات کئے جائیں: پنجاب بار کونسل



















