راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے ملک میں پہلے ہی مارشل لاءنافذ،ایس آئی ایف سی کیا ہے،حکومت کسی اور کے کنٹرول میں ہے، تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی مسئلے پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان سے صحافی نے سوال کیا وفاق میں تحریک عدم اعتماد کےلئے آپ کی پارٹی قیادت نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں، یہ ایک ہی ہیں، دونوں فارم 47 کی پیداوار ہیں، تحریک عدم اعتماد کےلئے پیپلز پارٹی سے تب بات کروں جب میں نے اقتدار میں آنا ہو، کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے، مخصوص ایلیٹ طبقے کی60 سال سے ملک پر قبضہ اور حکمرانی جاری ہے، یہی ایلیٹ ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا،بنوں واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، حالات مزید خراب ہوں گے،مطالبہ ہے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، کیوں نہیں بنا ؟ یہ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنا رہے؟۔
ادھر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ نے کہا عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،پتہ نہیں میں بھی زندہ رہوں یا نہیں،ٹوائلٹ کلینر کھانے میں ملانے پر میں حلف دے سکتی ہوں لیکن میں ثبوت کہاں سے لاوں۔
علاوہ ازیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اہلیہ کو صحافیوں سے گفتگو کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا سنسرڈ میڈیا آپ کی باتیں نہیں چلائے گا،بشریٰ کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بانی چیئرمین اپنی اہلیہ کو بار بار منع کرتے رہے،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بات پر صحافیوں نے عمران خان کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا آپ ہم پر طنز کررہے ہیں؟ آپ کی تمام باتیں چلائی جاتی ہیں، آپ کی تمام گفتگو آن ائیر ہوتی ہے،صحافیوں کے احتجاج کرنے پر عمران خان خاموش ہوکر واپس چلے گئے۔
دریں اثنا احتساب عدالت کے جج علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں 190ملین پاو¿نڈ ریفرنس پر سماعت کی ،سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ،سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور پرویز خٹک کے بیانات پر بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی جرح مکمل ہوگئی جبکہ زبیدہ جلال ،پرویز خٹک پر بشریٰ کے وکلا آئندہ سماعت پر جرح مکمل کریں گے۔
مزید برآں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کے اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف درخواستیں سماعت کےلئے مقرر کردیں،جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوارا الحق پنوں پر مشتمل 2 رکنی بنچ 22 جولائی کو سماعت کرے گا۔
پیپلز پارٹی سے عدم اعتماد سمیت کسی مسئلے پر کوئی بات نہیں ہوگی: عمران خان



















