ملکی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے اپنی ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کردیا،پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی،پہلے جدید آئی ٹی پارک کی تعمیر سے پورا ملک مستفید ہوگا۔

شہباز شریف نے زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے روزگار کے 10 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت سنبھالتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں،بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کا نظام متعارف کرایا،پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی، بذات خود ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کردیا، آئی ٹی پارک کی تعمیر کی لاگت پر 25 ارب روپے خرچ ہوں گے، پراجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کےلئے اقدامات تیز کریں۔

مزید برآں وزیر اعظم شہبازشریف نے واضح کیا ہے چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم تعطل برداشت نہیں کیا جائےگا،پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت کی بہتری، روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا،چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی،چینی اعلیٰ قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کیلئے پر عزم ہے،پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت کی بہتری، روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔