اسلام آباد ہائیکور ٹ نے صنم جاوید کی گرفتاری غیر قانونی قرار دےدی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کی گرفتاری غیرقانونی قرار دےدی۔

جسٹس حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت اٹارنی جنرل اور صنم جاوید کی جانب سے میاں اشفاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،اٹارنی جنرل نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا بلوچستان پولیس صنم جاوید کی راہداری ریمانڈ کی استدعا نہیں کر رہی ، صنم جاوید اب آزاد ہیں اپنے صوبے میں جا سکتی ہیں،کوئی نیا مقدمہ نہیں بنے گا۔

اٹارنی جنرل نے کہا میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا صنم جاوید بہت نامناسب زبان استعمال کرتی ہیں،جسٹس حسن اورنگزیب نے دلائل سننے کے بعد صنم جاوید کے وکیل میاں اشفاق سے استفسار کیا کیا آپ گارنٹی دیتے ہیں صنم جاوید مزید نامناسب گفتگو نہیں کرے گی؟، میاں اشفاق نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کے صنم جاوید آئندہ نامناسب الفاظ استعمال نہیں کرے گی،بعدازاں عدالت سے دلائل سننے کے بعد صنم جاوید کی گرفتاری غیرقانونی قرار دے کر رہائی کی درخواست نمٹا دی ۔

دوسری جانب صنم جاوید کی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے چیمبر آمد ہوئی،عمر ایوب نے صنم جاوید کو رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاپوری تحریک انصاف آپ کی قربانیوں کی معترف ہے، آپ نے مشکل ترین حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا، پارٹی کا ہر کارکن آپ کی اس بہادری کا معترف ہے۔

صنم جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پارٹی نے جو عزت دی اس پر لیڈر شپ کی شکرگزار ہوں، بانی پی ٹی آئی کے نظریئے کے مطابق حق اور سچ کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گی۔