اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومت کے موثر اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہا،اسلام آباد، چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں پرامن ماحول میں مجالس ہوئیں اور جلوس نکالے گئے۔وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی رات گئے تک پاکستان بھر میں سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کرتے رہے۔ وزیر داخلہ متعلقہ پولیس و انتظامی افسران سے رابطے میں رہے اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ اسلام آباد ،چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پولیس اور انتظامیہ نے احسن طریقے سے ذمہ داری ادا کی،عزاداروں کی حفاظت کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے پوری ٹیم نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دئیے،یوم عاشور پر امن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہاکہ بخیرو عافیت اور پرامن طریقے سے عشرہ محرم الحرام کے اختتام پذیر ہونے پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علماءکرام کا کردار قابل ستائش رہا۔قیام امن کیلئے تمام مکاتب کے فکر کے علماءکرام کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔
مجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے پوری ٹیم نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دئیے:وفاقی وزیر داخلہ



















