لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آج ہم 14 صدیاں قبل برپا ہونے والی کربلا کی یاد منانے میں مصروف ہیں مگر جس ظلم و جبر، بربریت اور سفاکیت کا مظاہرہ آج ہماری آنکھوں کے سامنے کربلائے فلسطین میں ہورہا ہے اسکی طرف سے پورے عالم اسلام اور مسلمانوں کی بے رخی کا کردار وہی ہے جو اہل کربلا کے ساتھ اہل کوفہ کا کردار تھا۔ وہ گزشتہ روز مرکز توحید و سنت مینار الہدیٰ گلبرگ میں شہدائے کربلا و فلسطین سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے ان کے علاوہ پروفیسر عدنان فیصل، علامہ فیاض احمد سلفی، میاں اصغر ، مولانا عبدالستار نیازی ، مولانا ضیاءالرحمن فاروقی اور مولانا قاری خالد نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ آج ہم 14 صدیاں قبل ہونے والے ظلم اور نا انصافی کے خلاف ہیں اور ضرور ہونا چاہیے مگر آج جہاں جہاں ظلم اور نا انصافی ہورہی ہے، اسکے خلاف علم حق و صداقت بلند کرنا حضرت حسین اور شہدائے کربلا کی محبت اور عقیدت کا حقیقی تقاضا ہے جس سے مسلم امہ اجتماعی طور پر مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔آج وطنِ عزیز پاکستان میں امن و امان اور اتحاد و اتفاق کیلئے خلفائے راشدین ، ازواجِ مطہرات ، صحابہ کرام اور اہلِ بیت رسول کا احترام یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ کسی صورت بھی ان مقدس ہستیوں کے خلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ ہمارے لئے وہ تمام ہستیاں مرکز محبت و عقیدت اور رشد و ہدایت کا مینار ہیں جن کی کوئی بھی نسبت رسول خدا کے ساتھ ہے ان تمام ہستیوں کی عزت و ناموس کا تحفظ یقینی بنانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔
آج شہدائے کربلا کا حقیقی کردار فلسطین میں ادا ہورہا ہے: علامہ زبیر احمد ظہیر



















