ایل پی جی کے بڑھتے استعمال کے پیش نظر مضبوط حفاظتی پروٹوکولز کی ضرورت ہے:چیئرمین اوگرا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قدرتی گیس کی قلت، نئے کنکشنوں پر پابندی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں ایل پی جی پر بڑھتی ہوئی انحصار کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ”ایل پی جی کے محفوظ استعمال .... ”زیرو مہلک حادثات“ کے عنوان سے ایک قومی سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب اوگرا کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد کی گئی تاکہ حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر توجہ دی جا سکے۔سیمینار میں پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران، اسلام آباد پولیس، موٹرویز پولیس، سول ڈیفنس اور ایل پی جی سیکٹر کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز، اوگرا کے چیئرمین مسرور خان، ممبر آئل، ممبر فنانس، اور اوگرا کے ایل پی جی اور انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ٹیم نے بھی شرکت کی۔اوگرا کے چیئرمین مسرور خان نے کہا کہ ملک بھر میں شہروں سے لیکر دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر مضبوط حفاظتی پروٹوکولز کی فوری ضرورت ہے۔ یہ سیمینار ان حفاظتی خدشات کو دور کرنے کیلئے صنعت کے رہنماں، پالیسی سازوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، آلات کے مینوفیکچررز اور صارفین کو اکٹھا کر کے ایل پی جی کے استعمال میں بہترین طریقوں کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے۔اوگرا کے ممبر آئل زین العابدین نے بتایا کہ اوگرا صوبائی حکومتوں کے ساتھ فعال طور پر مشغول ہے، فیلڈ انسپکشنز کر رہی ہے، اور غیر قانونی ایل پی جی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے آگاہی مہم چلا رہی ہے۔صنعتی ماہرین نے ایل پی جی کی انتہائی آتش گیر نوعیت کے پیش نظر حفاظتی معیارات کی سختی سے پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے ایسے خطرناک عمل سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا جیسے کہ تنگ جگہوں میں سلنڈر بھرنا جو ہنگامی خدمات میں رکاوٹ بنتی ہیں، صرف مجاز تقسیم کاروں کو ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے کی اجازت دینا، سلنڈر سے سلنڈر کی منتقلی کو ممنوع قرار دینا وغیرہ شامل ہے۔یہ سیمینار پاکستان بھر میں ایل پی جی کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے اور حفاظتی معیارات کی پابندی کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ ملکر ہم حادثات کو روک سکتے ہیں اور زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں۔

















