کچھ دوستوں کو زراعت سمجھ نہیں آتی، بڑے زمینداروں پر بھی ٹیکس لگے گا،زرداری

اہور:(سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف زرداری نے کہاہے کچھ دوستوں کو زراعت سمجھ نہیں آتی، آئی ایم ایف کی شرط پر بڑے زمینداروں پر بھی ٹیکس لگے گا،آزادی صحافت کےساتھ ہوں۔

نامور صحافی وارث میر کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہازندگی میں ہر طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے،بےنظیر بھٹو نے پوری زندگی حالات کا مقابلہ کیا لیکن خود کو جھکنے نہیں دیا،سوشل میڈیا کے دور میں اپنی رائے سامنے رکھنا آسان ہے لیکن وہاںبھی گروپنگ ہے، مجھ پر جتنی تنقید ہوئی کسی پر نہیں ہوئی، آزادی صحافت کےساتھ ہوں ،ٹی وی نہیں دیکھتا، لوگ کہتے ہیں آپ ٹی وی کیوں نہیں دیکھتے تو کہتا ہوں ہر چینل پر میری برائی ہوتی ہے،غیبت کو اپنے لیے ثواب سمجھتا ہوں۔

آصف زرداری نے کہا ایگروفارم، انڈسٹری سے ملک کا بڑا مستقبل وابستہ ہے ،کچھ لوگوں کو زراعت سمجھ نہیں آتی اب زراعت پر انکم ٹیکس لگانے جارہے ہیں ، ملک بنانے میں معاشی پالیسی ہی نہیں بہت سی دیگر اشیا کی بھی ضروری ہوتی ہے، آئی ایم ایف کی شرط پر بڑے زمینداروں پر بھی ٹیکس لگے گا، ایمان ہے جانا اس دن جب مولا کو لے جانا ہے ۔

صدر مملکت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے جامع نقطہ نظر اپنانے اور دانشمندانہ مالیاتی پالیسیوں کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہا معیشت کے مختلف شعبوں، خاص طور پر زرعی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دینا وقت کی ضرورت ہے، دنیا میں مضبوط مذہبی لابی مسلم معاشروں میں تقسیم پیدا کرنے کےلئے تصورات کو منظم اور منفی طریقے سے پیش کر رہی ہے،معاشروں کو ایجنڈے پر مبنی معلومات کےخلاف محتاط ررہنا ہوگا۔

آصف زرداری نے کہاچیلنجز کے سامنے ثابت قدم رہنا ضروری ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دباو،قتل و غارت گری کا مقابلہ کیا اور پاکستان میں جمہوری جدوجہد جاری رکھی،قتل کوششیں اور سیاسی دباومشن سے نہیں ہٹا سکتا کیونکہ پختہ یقین رکھتے ہیں زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

دوسری جانب صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گلبرگ میں چودھری شجاعت کی رہائش گاہ گئے،چودھری شجاعت حسین کی عیادت ،خیریت دریافت کی۔

آصف زرداری اور محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملکی اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے کہاپاکستان کی بہتری اور ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا، پاکستان سب کا سانجھا ہے۔