پنجاب بھر میں 36 ماڈل بازار عوامی ریلیف کا بڑا ذریعہ ہیں: شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی اور ماڈل بازاروں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 36 ماڈل بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ماڈل بازاروں میں معیاری اشیاءضروریہ اوپن مارکیٹ سے 20سے 30فیصد کم نرخوں پر مل رہی ہیں جبکہ ان بازاروں میں اشیاءضروریہ ڈی سی ریٹ سے 10فیصد کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بھی ان بازاروں سے وابستہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک ماڈل بازار بنایا جائے گا، جن 17 اضلاع میں ماڈل بازار نہیں ہیں وہاں ان بازاروں کے قیام کیلئے جگہ کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ماڈل بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے، جس سے اخراجات میں لاکھوں روپے کی بچت ہوگی۔صوبائی وزیر نے گجرات کے ماڈل بازار کی اپ گریڈیشن کاپلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں میں سیکورٹی اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔سی ایف او پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نوید رفاقت نے ماڈل بازاروں کے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ہرسال 50ملین سے زائد لوگ ماڈل بازاروں کا رخ کرتے ہیں، ماڈل بازاروں میں دکانوں کی الاٹمنٹ شفاف طریقے سے بزریعہ قرعہ اندازی ہوتی ہے۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سینئر اکنامک ایڈوائزراور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔