اسلام آباد (مشرق نیوز) پیٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے پاکستان میں 3 سال کے دوران 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ ملکی و غیر ملکی پیٹرولیم اور گیس کے تلاش و پیداواری شعبے نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے پاکستان میں آئندہ 3 سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کاروباری وفد نے کہا کہ آپ پہلے وزیرِ اعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں۔ پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری شعبے کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے، ان کے مسائل سننے اور ان کا سنجیدگی سے حل ڈھونڈنے پر آپ کے مشکور ہیں۔
وفد کی جانب سے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 3سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پیٹرولیم اور گیس کی پاکستان میں تلاش کیلئے 240 جگہ کھدائی کی جائیگی۔ دوران اجلاس وزیراعظم نے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقامی ذخائر سے ہونے والی پیداوار سے پاکستان کا قیمتی زرمبادلہ بچے گا اور عام آدمی کیلئے ایندھن اور گیس سستے ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو شعبے کے تمام مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی جس میں متعلقہ حکام، سیکرٹریز اور ماہرین شامل ہوں گے۔ کمیٹی شعبے کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد ملک میں پیٹرولیم و گیس کے ذخائر کی تلاش و ترقی کیلئے پرکشش پالیسی تشکیل دینے کیلئے تجاویز مرتب کریگی۔
پیٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کا 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

















