پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ،عامر مغل گرفتار

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ،عامر مغل کو پھر گرفتار کرلیا گیا۔

جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کی جلسے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی ،این او سی جاری کرنے کو کہا گیا، ڈپٹی کمشنر سے 26 جون سے اب تک 20 بار رابطہ کیا گیا،این او سی نہیں دیا گیا بلکہ ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا،جلسے کی تیاری کےلئے وقت نہیں ملا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس میں کہا ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی، ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے، آپ تو بڑی پارٹی ہیں کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے، آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے،ہائی کورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے جلسے میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے کارکنوں کو شرکت کی کال دیدی،سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب شوکت بسرا نے کہا لاہور سے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کیلئے اسلام آباد جائے گی، بہت عرصے بعد جلسے کی اجازت ملی ،عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا، جلسہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پانی کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کر لیا،عامر مغل کو ڈی سی آفس کے باہر سے گرفتار کیا گیا ،پی ٹی آئی وکیل عاصم بیگ نے گرفتاری کی تصدیق کر دی ۔