اوقاف، منیجر کا گارڈ کو مالی بے ضابطگی میں پھنسانے کا اعتراف ،متاثرہ ملازم کو ہارٹ اٹیک

لاہور (قمر عباس نقوی) پیرمکی سرکل 1 منیجر کی طرف سے عارضی سکیورٹی گارڈ کو مالی بے ضابطگیوں میں پھنسانے میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا اعتراف، انتظامیہ کی منیجر کے ا عتراف جرم کے باوجود کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی، سکیورٹی گارڈ کو جعلساز اور چور ثابت کرکے مقدمہ درج کراکے نوکری سے بھی فارغ کردیا گیا، زیڈ اے ویسٹ کی طرف سے انکوائری کا آغاز، ملوث آفیشل کے خلاف ابتدائی انکوائری کیلئے سپرنٹنڈنٹ کو فرائض سونپ دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف، مذہبی امور و پنجاب کے دوبارہ تعینات ہونے والے سیکرٹری کے محکمے کو کرپشن فری بنانے کے عزم کو نظرانداز کرتے ہوئے لاہور زون کے سرکل پیر مکی میں تعینات منیجر گلزار کی جانب سے گزشتہ ایک سال میں بد انتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کی تاریخ رقم کردی گئی۔ اس حوالے سے عارضی سکیورٹی گارڈ عمران کو غیر قانونی طور پر رینٹ کلرک کی ذمہ داری پر مامور کرتے ہوئے محکمہ کی آمدنی میں خوردبرد کیا گیا جس پر منیجر گلزار کی طرف سے کرپشن کی تمام تر ذمہ داری عارضی ملازم پر ڈالتے ہوئے داتا دربار پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کروا دیا گیا جس میں منیجر کی جانب سے تحریری طور پر اعتراف کیا گیا تھا کہ عارضی سکیورٹی گارڈ کو پیر مکی سرکل میں رینٹ کلرک کی ذمہ داریوں پر میں نے اسلئے مامور کیا تھا کہ رینٹ کلرک عظمت اللہ وقف پراپرٹیز سے مکمل طور پر لا علم تھا اور چالان رسید بھی نہیں بنا سکتا جو کہ منیجر کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں میںعارضی ملازم کو پھنسانے کی خاطر مکمل طور پر سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا اعتراف کیا گیا ہے جس پر اوقاف انتظامیہ کی طرف سے منیجر کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی جبکہ زیڈ اے لاہور ویسٹ شاہد ورک کی جانب سے ابتدائی طور پر انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے زونل آفس کے سپرنٹنڈنٹ غلام عباس کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو کہ 28جون 2024 کو تحریری احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں اس میں زیڈ اے کی جانب سے منیجر سرکل 1کو متعلقہ معاملہ پر مکمل ریکارڈ انکوائری آفیسر کو فراہم کرنے کی ہدایات بھی کی گئی ہے تاکہ تمام تر امور پر انکوائری کے پہلو شامل کرتے ہوئے شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے کی کاوش کی گئی ہے ۔دوسری طرف منیجر گلزار کا کلین چٹ کے حصول کی خاطرعارضی سکیورٹی گارڈ پر سب کچھ ڈال کرمقدمہ اور انکوائری میں شامل کروانے سمیت بیروزگاری اور قانونی معاملات میں پھنسا کر ذہنی اذیت دی گئی تھی۔ منیجر سرکل پیر مکی کے ظلم کا شکار ہونے کے باعث نوکری سے فارغ ہونے پر گزشتہ روز عمران سابق سکیورٹی گارڈ اوقاف پیر مکی دل کے عارضہ کے باعث کافی سیریس حالت میں پی آئی سی میں زیر علاج ہے جبکہ ماسٹر مائنڈ منیجر پیر مکی کلین چٹ حاصل کر نے میں کامیاب ہو چکا ہے اور عارضی سکیورٹی گارڈ نوکری سے فارغ ہونے کے بعد پی آئی سی میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔