یو این او کا اعتراض مسترد، عمران کی گرفتاری داخلی معاملہ، آئین، قانون سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، عدل کے منافی کہلائے گا: پاکستان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان پر مقدمات سے متعلق اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے،وزیر قانون نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور زیر التواءمقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا خود مختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے، آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا جبکہ عمران خان کو ملکی آئین وقانون، عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں، اعظم نذیر تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں اور کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل اور عدالتی نظام کا مظہر ہے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستانی انتخابات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات سے متعلق امریکی قرارداد کے بارے میں کہا ہے دنیا کی طاقتور اسرائیلی لابی بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کراسکی،عمران خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے آئی ایس آئی کے کرنل اور میجر کا اڈیالہ جیل میں کیا کام ہے، آئی ایس آئی کے پاس سول معاملات اور عدلیہ میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں، سپریٹنڈنٹ جیل صرف آئی ایس آئی کے احکامات پر چل رہا ہے دو افسران کو اس وجہ سے تبدیل کیا گیا کہ مجھے کوئی رعایت نہ دے دیں،الیکشن کو 5 ماہ گزر گئے مجھے ابھی تک یہ نہیں پتہ کہ کون جیتا اور کون ہارا، الیکشن میں بے ضابطگیوں پر امریکی کانگریس نے قرارداد منظور کی، 85 فیصد کانگریس اراکین نے حمایت میں ووٹ دیا، دنیا میں سب سے بڑی اور طاقتور اسرائیلی لابی ہے، وہ بھی آج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کرا سکی، کانگریس نے پوری تحقیق کے بعد قرارداد منظور کی، امریکیوں کو رپورٹس آتی ہیں جو وہ خود اکٹھی کرتے ہیں، اقوام متحدہ کا بھی میرے بارے میں بیان آیا، جواب میں پاکستانی حکومت نے کانگریس کی قرارداد کے مقابلے میں اپنی قراداد پیش کی، حکومت قراردادیں پیش کرنے کے بجائے ملک کو بچانے کا سوچے،عمران خان نے کہا پل ڈاٹ اور فافن کی رپورٹس میں بھی دھاندلی کی تصدیق کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کور کرنے کےلئے لگایا گیا ہے، سارا ملک کہہ رہا ہے فراڈ الیکشن کرایا گیا ، ساری دنیا وہی کہہ رہی ہے جو کمشنر پنڈی نے اور سابق وزیراعظم کاکڑ نے حنیف عباسی کو کہا تھا، ریٹائرڈ ججز کو ٹریبیونل میں تعینات کر کے مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،بانی پی ٹی آئی نے کہا سپریم کورٹ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کا کردار دیکھے، کسی بھی جمہوریت میں ایک پارٹی کی سیٹ دوسرے کو نہیں دی جا سکتی، یہ کہیں نہیں ہوتا،عمران خان نے زور دیا اگر یہ حکومت رہ گئی تو لکھ لیں اگلے بجٹ میں غربت اور قرض مزید بڑھ جائیں گے، اخراجات بڑھ جائیں گے اور آمدن بہت کم ہو جائے گی، ملک کو صرف اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے کیونکہ ان کے پاس ڈالرز پڑے ہیں، موجودہ حالات کے باعث پروفیشنل ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں،فارورڈ بلاک سے متعلق سوال کے جواب میںسابق وزیر اعظم نے کہا پارٹی میں اختلافات کوئی بڑا مسئلہ نہیں عمر ایوب کی پارٹی کےلئے بہت خدمات ہیں، پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں یہ ایسی پارٹی ہے جو اپنے ووٹ کی طاقت پر بنی اور قائم ہوئی، پی ٹی آئی سے مضبوط جماعت ملک میں موجود نہیں اس میں فارورڈ بلاک بن ہی نہیں سکتا، پارٹی میں اختلافات کی بنیاد غلط فہمی ہے، جمعرات کو دونوں گروپس کو ملاقات کےلئے اڈیالہ جیل بلا لیا ہے، کچھ لوگوں نے تشدد کے باعث اور کچھ نے فائلیں دیکھ کر پارٹی چھوڑی، دونوں کے الگ الگ کیسز ہیں، جب جیل سے باہر نکلوں گا تو پھر پارٹی میں واپسی کے معاملات کو خود دیکھوں گا،وزیراعظم شہباز شریف سے مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا ان کے پاس مذاکرات کےلئے ہے کیا کہ ان سے بات چیت کی جائے، ہم شہباز شریف سے موسم پر مذاکرات کریں، حکومت جھوٹ پر چل رہی ہے وزیر داخلہ فراڈ اور سفارشی ہے اس نے کرکٹ کے ساتھ کیا کیا، کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو سب سے پہلے محسن نقوی کو نکالیں جو سفارش پر چل رہا ہے،سائفر سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا میں آج بھی سائفر کے معاملے پر اپنے بیان پر قائم ہوں، میں نے کہا تھا امریکہ نے حکومت گرانے کی دھمکی دی ہے اور انہوں نے ہماری حکومت ہی گرا دی، میں آج بھی ایبسولوٹلی ناٹ کے مو¿قف پر کھڑا ہوں۔