اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کےخلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات کی سماعت 8 جولائی کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ دے دیا،انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بذریعہ ویڈیو لنک پیشی سے متعلق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کر لیا،دوران سماعت علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی،جج طاہر عباس سپرا نے کہا کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہو گی، یہ کوئی وجہ نہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں تو پیش نہیں ہو سکتا،انہوں نے وکلاءسے سوال کیا حاضری پوری نہ ہونا ملزموں پر ہے یا کورٹ پر ہے؟ جس پر پی ٹی آئی کے وکلاءنے جواب دیا حاضری پوری کرنا ملزموںپر ہے،جج طاہر عباس سپرا نے کہا تمام غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے، پی ٹی آئی کے وکلاءنے یقین دہانی کرائی اگلی پیشی پر تمام ملزموںکی حاضری یقینی ہو گی،جج طاہر عباس سپرا نے کہا تمام غیر حاضر ملزموں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں، آئندہ پیشی پر حاضری کی مکمل یقین دہانی کرائی جائے گی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے،پی ٹی آئی کے وکلاءنے استدعا کی ایک موقع دیا جائے، اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے،جج طاہر عباس سپرا نے کہاجو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کےلئے 30 دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہنچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہو گا، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے،اس کےساتھ ہی عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی،عدالت نے عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
عدالت کا عمران خان کیخلاف مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا عندیہ



















