افغانستان میں پہلے بھی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور آئندہ بھی بنائیں گے:خواجہ آصف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کی فوج نہیں حکومت کی ضرورت ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر سے نمٹنے کیلئے نئے جذبے اور شدت کے ساتھ آپریشن کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے واقعات میں گزشتہ ایک سال میں جو شدت آئی اسکے بعد نئی صف آرائی کی ضرورت تھی، اس بار آپریشن سے کوئی نقل مکانی نہیں ہو گی بلکہ آپریشن انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا ماضی میں کئے جانے والے فوجی آپریشنز کے بعد ملک میں دہشت گردی دوبارہ بڑھنے کی توقع نہیں تھی لیکن بدقسمتی سے ملک میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا اسلئے آپریشن عزم استحکام فوج کی نہیں حکومت کی ضرورت ہے اور حکومت کو اس کی ذمہ داری لینی بھی چاہیے۔

گزشتہ ایک دہائی میں کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جو بڑھتی دہشت گردی کا باعث بنے جن میں افغانستان سے نیٹو اور امریکی افواج کا انخلا اور پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے دوران ٹی ٹی پی کے جنگجووں کو ملک واپس لانا شامل ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا امید تھی کہ افغان حکومت ہم سے تعاون کریگی مگر افغان طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آئے کیونکہ وہ انکے اتحادی تھے۔

خواجہ آصف کہنا تھا کہ طالبان سے بات چیت کے بعد انکے 4 سے 5 ہزار لوگوں کو واپس لانے کا تجربہ ناکام ہوا اور طالبان کے وہ ساتھی جو افغانستان سے کارروائیاں کر رہے تھے انہیں پاکستان میں پناہ گاہیں مل گئیں، اب وہ آتے ہیں ان کے گھروں میں رہتے ہیں اور پھر کارروائیاں کرتے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا پاکستان افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا، طالبان کیخلاف سرحد پر کارروائیاں کیں اور آئندہ بھی کریں گے، ہم حملے کرنیوالوں کو کیک پیسٹری تو نہیں کھلائیں گے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کی رہائی سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اگر عمران خان چاہتے ہیں تو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کر لیں، سیاسی طاقتیں مل کر ملک کیلئے بہتری کا راستہ نکالنا چاہتی ہیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کیا اعتراض ہو گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا سیاست میں اپ ڈاو¿ن آتے رہتے ہیں انہیں خطرہ نہیں سمجھنا چاہیے، حکومت پی ٹی آئی سے بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ بانی پی ٹی آئی وزیراعظم کی بات چیت کی پیشکش کو سنجیدہ لیں گے۔