تاریخی عمارتیں قومی اثاثہ، محفوظ بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے :صوبائی وزیر صنعت و تجارت

لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام تاریخی عمارتوں کی بحالی پر تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی پونچھ ہاس میں منعقد ہوئی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بحال کی گئی تاریخی عمارتوں پر روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عمارتیں ہمارا ورثہ ہیں انہیں محفوظ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، سیکرٹری صنعت و تجارت اور ان کی ٹیم نے محکمہ کی تاریخی عمارتوں کو بحال کرکے شاندار کام کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب بھر میں موجود تاریخی عمارتوں کی بحالی پر متعلقہ محکمے توجہ دیں، انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، میڈیا سیاحوں کو تاریخی اور سیاحتی مقامات بارے آگاہی فراہم کرے،سیاحوں کو محفوظ ماحول اور آگاہی دیکر سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز مفت کرائے جارہے ہیںعالمی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، صوبائی وزیر نے گجرات میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر کالج کے بننے سے انڈسٹری فروغ پائے گی اور برآمدات بڑھیں گی،چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہرایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہر ادارہ محنت سے کام کرے توپاکستان کو آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرض لینے کی ضرورت نہیں رہے گی، انہوں نے کہا کہ کسی بھی پروگرام سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ انتہائی ضروری ہے۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے کہا کہ تاریخی عمارات کی بحالی محکمہ آثار قدیمہ کی ہی نہیں سب کی ذمہ داری ہے، پونچھ ہاوس کی عمارت، شادی لال بلڈنگ، رسول یونیورسٹی اور محکمہ صنعت و تجارت کی دیگر عمارتوں کی تاریخی حیثیت بحال کی گئی ہے، 1928میں بننے والے ٹیکسٹائل کالج فیصل آباد کو بھی اصل حالت میں بحال کریں گے، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ڈی جی انڈسٹریز اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی، تقریب کا اہتمام پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے کیا تھا. صوبائی وزیر نے تقریب میں دستکاریوں کے لگانے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا اور دستکاروں کے فن اور ان کے فن پاروں کو سراہا۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے سیکریٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کے ہمراہ تاریخی عمارتوں کی بحالی پر تحریر کردہ کتاب کی رونمائی کی.