کوئی سیاسی جماعت وراثت تو کوئی وصیت پر چل رہی،جمہوریت سے تعلق نہیں، حافظ نعیم الرحمن

لاہور: (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے دہشتگردی کےخلاف امریکی جنگ میں شرکت سے حالات خراب بگڑے،پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کا جمہوریت اور آئین سے کوئی تعلق نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے الیکشن پراسیس کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا، جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار نظام کو طاقت سے یرغمال بنالیتے ہیں، ملک میں سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں، کوئی وراثت تو کوئی وصیت پر چل رہی ہے، جمہوریت صرف جماعت اسلامی اور وکلا میں ہے جہاں الیکشن ہوتے ہیں، پاکستان کے مقاصد اور نظریئے کی تکمیل کی تحریک کسی صورت پیچھے نہیں جانی چاہیے، پاکستان اپنی اصل اور حقیقی منزل پر پہنچے گا، اس کیلئے عدل اور انصاف کی بالادستی کا نظام قائم کرنا ہوگا، عدل کے نظام میں صرف اسلام نہیں اقلیتوں کی بھی فلاح ہے۔