لاہور:(خبر نگار) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے فوج سے رابطے منقطع کرنا عمران خان کی سب سے بڑی غلطی تھی ،بانی پی ٹی آئی ناکام ہوئے تو عوام ہار جائیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو اور انٹرویو میں فواد چودھری نے کہاعہدے اہم نہیں ،بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہر صورت ضروری ہے ورنہ لوگ ہار جائیں گے،ٹرائل کے بغیر لوگوں کو جیل میں رکھنا کیا مذاق ہے،85 فیصد امریکی ایوان نمائندگان نے الیکشن نتائج کو مسترد کردیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاسمجھتا ہوں پاکستان کو پالیسی ریویو کی ضرورت ہے، اپوزیشن کےساتھ بیٹھ کر الیکشن کا آڈٹ کرانا ہو گا،پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نہیں چاہتی عمران خان جیل سے باہر آجائیں کیونکہ سب کو ڈر ہے عمران خان باہر آئیں گے تو اسد عمر، عمران اسماعیل، فواد چودھری ،علی زیدی دوبارہ قیادت سنبھال لیں گے اور پارٹی میں موجودہ قیادت کا عمل دخل ختم ہوجائے گا۔
فواد چودھری نے کہاپیر پگاڑا، شیخ رشید، فضل الرحمن، پرویز الٰہی سب ہی اسٹیبلشمنٹ کی موجودہ پالیسی کےساتھ نہیں ، عمران خان ،فوج کے درمیان لڑائی نہیں البتہ تلخیاں پائی جاتی ہیں جنہیں دونوں جانب سے ایک ایک قدم پیچھے ہٹ کر بات چیت سے دور کیا جا سکتا ہے اگر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور عمران خان فوج سے رابطے رکھتے تو شاید غلط فہمیاں اتنی نہ بڑھتیں،فوج کے بغیر ملک نہیں چل سکتا ۔
فوج سے رابطے منقطع کرنا عمران خان کی بڑی غلطی تھی،فواد چودھری

















