لاہور (کامرس رپورٹر) انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر لاہور چیمبر میں انسداد منشیات کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس ایم مقیم، ڈاکٹر ظفر اقبال، کنوینر، سٹینڈنگ کمیٹی،ہیلتھ اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، پروفیسر عمر سلیم، ڈائریکٹر یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ منشیات کی روک تھام ایک اہم مسئلہ ہے اور ہم سب کو ملکر اس کا حل نکالنا ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان کومنشیات سے پاک کرنا ہے جس کیلئے سوسائٹی کے تمام ممبران کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اینٹی ڈرگ کا عالمی دن ہم سب سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم نشے کی روک تھام پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کہ ہمارے معاشرے میں منشیات کا استعمال روز پر روز بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے اور اس کو نظر انداز کرنا ملک و قوم کے حق میں بہتر نہیں ہے۔ منشیات کے عادی افراد بالخصوص نوجوان طلبہ و طالبات کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور بدقسمتی سے پاکستان میں بھی اس حوالے سے صورتحال اچھی نہیں ہے۔ ظفر محمود چوہدری نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ملک میں 90 لاکھ سے زائد افراد منشیات کا شکار ہیں۔ ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ہر سال 40 ہزار نئے افراد کا اضافہ ہو رہا ہے۔منشیات استعمال کرنے والے افراد میں 8 لاکھ 60 ہزار افراد ہیروئن کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں جس میں 73 فیصد نشئی افراداستعمال شدہ سرنج کا استعمال کرتے ہیں۔ہماری کل آبادی کے 3.6 فیصد افراد دیگر ممنوعہ نشہ کرتے ہیں۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گھر سے بھاگے ہوئے 25 ہزار سٹریٹ چلڈرن منشیات کے عادی ہوتے ہیں جبکہ 78 فیصد مرد اور 22 فیصد خواتین منشیات استعمال کرتی ہیں۔ پنجاب میں 29 لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق خود اعتمادی، فیصلہ کرنے کی قوت، کمیونی کیشن کی مہارت، حالات کے دباو¿ کو قبول کرنے، دباو¿ کی کیفیت میں کام کرنے، وقت کی پابندی اور غصّہ پر قابو پانے کی صلاحیت کے حامل افراد خود کو منشیات کے استعمال سے باآسانی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اس لعنت سے ہمارے بہت سارے تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ وہ کالج اور یونیورسٹیاں جن میں ہاسٹل کی سہولت موجود ہے وہاں پر بھی منشیات کا استعمال بڑھنے لگا ہے، جس کے تباہ کن اثرات ڈپریشن اور متعدد نفسیاتی مسائل میں اضافے کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مختلف مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کریں جس میں کھیل ثقافتی پروگرامز اور ورکشاپس ہوں تاکہ طلباءکا دھیان منشیات سے ہٹ کر ان سرگرمیوں کی طرف منتقل ہو جائے۔ منشیات کے استعمال پر Zero Toleranceپالیسی اپنانی چاہیے اور طلبہ کو اس کے بارے میں واضح پیغام دینا چاہئے۔ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز بھی منشیات کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ اسپتالوں میں اور کلینکس میں ڈی ٹاکسیفکیشن پروگرام کا آغاز کریں تاکہ مریضوں کو منشیات کے اثرات سے پاک کیا جا سکے۔
منشیات کی روک تھام اہم مسئلہ، سب کو مل کر اس کا حل نکالنا ہے: لاہور چیمبر

















