عمران کی نااہلی کیخلاف زیر التواءاپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد (بیورورپورٹ) بانی پی ٹی آئی نے اپنی نا اہلی کےخلاف زیر التواءاپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی،سپریم کورٹ میں درخواست عمران خان کے وکیل علی ظفر کی وساطت سے دائر کی گئی،درخواست میں موقف اپنایا گیا عمران خان سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، درخواست گزار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کرنے کے بعد پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری ہے،درخواست میں کہا گیا الیکشن کمیشن کے احکامات کےخلاف اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التواءہیں، سپریم کورٹ میں زیر التواءکیس کی وجہ سے ہائی کورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے،دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ان مقدمات کی وجہ سے درخواست گزار بانی پی ٹی آئی ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہے، زیر التواءاپیل کی وجہ سے درخواست گزار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا،درخواست میں استدعا کی گئی ہے عمران خان کی نا اہلی کےخلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان پر سنگین مقدمات بنانے کیخلاف درخواست پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دےدیا،لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا آپ کو تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہیں؟ جس پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے بتایا ابھی معلومات فراہم نہیں کی گئی،سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا میٹنگ ہوئی ہے لیکن ابھی سائن نہیں ہوئے، 2سے 3 دن لگیں گے، عدالت عالیہ نے حکم دیا 2 دن کا وقت ہے آپ تمام مراحل مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں،بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین نوعیت کے مقدمات بنانے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔