سوات، مدین واقعہ میں ملوث 23 ملزمان گرفتارکرلیا گیا

پشاور (مشرق نیوز) سوات کے علاقے مدین میں مبینہ توہین مذہب واقعہ میں ملوث 23 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سینئر پولیس افسر کے مطابق ایف آئی آر میں 2ہزار افراد کو نامزد کیا گیا ہے جس میں اب تک 23 ملزمان گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کو مدین اور اطراف سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان جلاو گھیراو اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں جبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کر لی گئیں۔

مدین واقعہ کیلئے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں آئی بی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ جے آئی ٹی 14 روز میں رپورٹ مکمل کرکے صوبائی حکومت کو بھجوائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا جا رہا ہے جبکہ ابتدائی طور پر نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوات کے علاقے مدین میں مبینہ توہین مذہب واقعہ میں شہری کو تشدد اور زندہ جلا دیا گیا تھا جس پر تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی جس میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور سینئر پولیس افسران کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اسکی مانیٹرنگ ڈی آئی جی مالاکنڈ کریں گے۔