نفرت کی سیاست کرنےوالی جماعتیں پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کریں،بلاول

کراچی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے سیاسی جماعتیں اپنی انا کےلئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہیں، بجٹ کے معاملے پر حکومت سے بات چیت جاری ہے ،امید ہے کوئی حل نکلے گا،وزیراعظم شہبازشریف وعدے پورے کریں گے،سب کو ملکر معیشت سنبھالنی ہے۔

لیاری میںبینظیر بھٹو کی سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے غریب عوام کو مفت سولر کی سہولت فراہم کریں گے تاکہ لوڈ شیڈنگ سے ریلیف ملے ،لیاری کے عوام کےساتھ ملکر 2آمروں کا مقابلہ کیا ،شہریوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا،عوام کی مدد سے ایک مرتبہ پھر سندھ میں حکومت بنائی،ملک کی معاشی مشکلات سامنے ہےں اور حکومت وقت پاکستان کو بحران سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہابہتر ہوتا حکومت اپنے تمام اتحادیوں خاص طور پر پی پی سے پہلے سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی تاکہ اپنی رائے دیتے، مسائل سے آگاہ کرتے ،بجٹ بناتے وقت اگر پی پی کی رائے ہوتی تو بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں ،مشکل وقت میں سب کو ملکر ملک اور معیشت کو سنبھالنا ہے،امید ہے وزیراعظم شہباز شریف کیے گئے وعدے پورے کرکے دکھائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاایک طرف معاشی مشکلات اور دوسری طرف سیاسی طور پر بھی ایسا بحران پیدا ہوگیا جہاں نفرت کی سیاست عروج پر ہے ،اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور آپس میں بات کرنے کو تیار نہیں ،چاہے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں فرض اور کام ہے عوام کی نمائندگی کریں تاکہ مسائل حل کریں،نفرت کی سیاست کرنے والی جماعتیں انا چھوڑ کر پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کریں،جمہوری قوتوں کو جمہوری قوتوں سے بات کرنی چاہیے تاکہ اپنے جمہوری نظام کو بہتر و فعال بنا سکیںجس دن تمام سیاسی جماعتیں ایک ہو کر فیصلہ کریں پارلیمان وہ ادارہ ہے ،عوام کے مسائل حل کریں گے ،لڑائیاں نہیں لڑیں گے تو پھر دیکھیں گے معیشت سمیت دیگر مسائل کا حل ویسے ہی نکال سکتے ہیں جیسے عوام امید کرتے ہیں۔