پاکستان سٹاک ایکسچینج کی حکومت کو ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کے اندراج کو فروغ دینے کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز دیدی ہے۔ یہ تجویز پی ایس ایکس کی جانب سے حکومت کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے ارسال کردہ سفارشات میں دی گئی ہے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کیلئے ڈیویڈنڈ پر ٹیکس ریٹ کو معقول بنایا جائے۔ اسی طرح شیئرز کی فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس کو متناسب کیا جائے اور شیئرز پر سی جی ٹی غیر منقولہ پراپرٹی پر کیپٹل گین ٹیکس کے مطابق ہونا چاہئے۔

تجاویز میں کہا گیا ہے کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس کے ریٹ میں تضادات کو ختم کیا جائے، پی ایس ایکس میں ڈیری ویٹوز اور فیوچر کنٹریکٹس پر بھی کیپٹل گین ٹیکس کو کم کیا جائے۔ تجاویز میں REIT ریٹ سکیم کی تشکیل کیلئے پراپرٹی ٹرانسفر پر ایڈوانس ٹیکس میں چھوٹ دی جائے۔