لاہور:( اپنے رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پلاسٹک سے پیداہونےوالی مہلک بیماریوں سے تحفظ کےلئے 5جون سے ” نو ٹو پلاسٹک “مہم کا آغاز کر رہے ہیں،مہم کے تحت غیر قانونی پلاسٹک بیگ کی تیاری، پروڈکشن،ترسل اورخریدوفروخت پر پابندی کےلئے میکانزم پرسختی سے عملدرآمد کی تیاری مکمل کرلی ۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاپلاسٹک کا استعمال کینسر و دیگرمہلک بیماریوں کا موجب ہے ،پلاسٹک کااستعمال ماحولیاتی آلودگی کو بڑھارہا ہے،5جون سے پلاسٹک کی غیرقانونی مصنوعات بنانےوالی فیکٹریوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کیا جائےگا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس ودیگرفوڈ پوائنٹس پر گاہکوں کوپلاسٹک بیگ میں کھانا دینے پر سخت پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنےوالے ہوٹلوں کے خلاف مکمل کریک ڈاﺅن ہوگا،مالکان کے خلاف قانونی کارروائی وبھاری جرمانے ہوں گے،قانون کے مطابق75مائیکرون سے کم حجم کے پولیتھین بیگز کے استعمال اورسنگل یوز پلاسٹک کے برتنوں پر مکمل پابندی ہے، پلاسٹک کے عدم استعمال پرعوام کےلئے پلاسٹک موت ہے کے موضوع پرآگاہی مہم کا آغاز کیاجائےگا۔
مریم اورنگزیب نے کہاپبلک سروس میسجز سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل ، شاپنگ مالز،دفاتر بس سٹینڈز،پارکس، ٹرانسپورٹس،میٹرو بسوں اور عوامی جگہوں پر پلاسٹک کی پابندی کے تحریری پیغامات چسپاں کیے جائیں گے،میڈیا آگاہی مہم میں اپنا حصہ ڈالے۔
5جون سے ”سے نو ٹو پلاسٹک “مہم کاآغاز،خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہوں گے،مریم اورنگزیب



















