اسلام آباد (بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کےلئے فون کال ریکارڈ کرنے سے روک دیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم الثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کےخلاف درخواست پر سماعت کی،سماعت کے آغاز پر عدالت نے پی ٹی اے کے وکیل سے استفسار کیا پی ٹی اے نے جواب جمع نہیں کرایا ؟ وکیل نے بتایا چھٹی کے باعث ہم اپنا جواب داخل نہیں کراسکے،بعد ازاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل روسٹرم پر آ گئے،جسٹس بابر ستار نے دریافت کیا یہ بتایا جائے شہریوں کی کالز کس قانون کے تحت کون ریکارڈ کرتا ہے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سیکشن 54 کے تحت پی ٹی اے کو اختیار ہے کہ وہ کالز ریکارڈ کرسکتا ہے،عدالت نے مزید دریافت کیا قانون بتائیں کس قانون کے تحت پی ٹی اے نگرانی کر رہا ہے؟ کس سیکشن کے تحت پی ٹی اے والے سرویلینس کر رہے ہیں؟ ، منور اقبال دوگل نے کہا مجھے تھوڑا وقت دےدیں میری استدعا ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر عدالت برہم ہو گئی، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کتنا وقت چاہیے؟ کب درخواست دائر ہوئیں ہیں؟ یہ 2023 میں درخواستیں آئیں ہیں، آپ کے مطابق کسی کو فون ٹیپنگ کی اجازت نہیں دی گئی، اگر آپ اب اس موقف سے پیچھے ہٹیں گے تو اس کے نتائج ہوں گے، قانون کہتا ہے وفاقی حکومت اجازت دے سکتی ہے مگر آپ کے مطابق اس کی اجازت نہیں دی گئی،عدالت نے استفسار کیا وزیر اعظم آفس، وزارت دفاع، داخلہ، پی ٹی اے کہہ چکے کسی کو اجازت نہیں تو آج کیسے اجازت دے دی؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے پھر استدعا کی کہ مجھے تھوڑا سا ٹائم دے دیں،اس پر جسٹس بابر ستار نے کہا آپ کو نہیں پتہ تھا کہ آج کیس لگا ہوا ہے؟ ،بعد ازاں جسٹس بابر ستار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ٹیلی گراف ایکٹ کی متعلقہ سیکشنز پڑھنے کی ہدایت دی،جسٹس بابر ستار نے کہا غیر قانونی سرویلینس ایک جرم ہے جس کی قانون میں سزا موجود ہے، جب وفاقی حکومت نے جواب جمع کرایا تو عدالت نے اسے سنجیدہ لیا، پی ٹی اے کہہ رہا ہے کہ ہمیں کوئی اجازت نہیں دے رہا، سرویلینس کو اتھورائزڈ اگر کیا گیا ہے تو بتائیں کہاں موجود ہے؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا اس حوالے سے اگر رولز نہیں بنے ہوئے تو بننے چاہئیں،عدالت نے دریافت کیا کون بنائے گا رولز؟ کس کے ماتحت بنیں گے رولز؟ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور دیگر گریڈ 20 کے افسروں کو نوٹیفائی کریں گے، یہ بتائیں اداروں نے ہے اس حوالے سے نوٹیفائی کر رکھا ہے؟،جسٹس بابر ستار نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیادوگل صاحب یہ حالت ہے سٹیٹ کی، ایک سال سے انکوائری چل رہی ہے، آپ ایک سال میں اس نتیجے تک نہیں پہنچے کہ جرم ہوا ہے یا نہیں؟،اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت سے ہدایات لینے اور عدالتی سوالوں کے جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی،بعد ازاں عدالت نے آڈیو لیکس کیس میں بڑا حکم جاری کرتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیز کو نگرانی کیلئے فون کال ریکارڈ کرنے سے روک دیا اور ریمارکس دیئے اگر ٹیلی کام کمپنیز کا آلہ غیر قانونی سرویلینس کےلئے استعمال ہوا تو ان پر اس کی ذمہ داری عائد ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیلی کام کمپنیز کو شہریوں کی فون کال، ڈیٹا ریکارڈنگ سے روکدیا



















