لاہور (مشرق نیوز) پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس کل بروز منگل طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے پارٹی کا الیکشن کمیشن آج کاغذات نامزدگی جاری کریگا۔ مسلم لیگ (ن) کے الیکشن کمیشن کی سربراہی رانا ثناءاللہ کریں گے جبکہ اقبال ظفر جھگڑا، عشرت اشرف، جمال شاہ کاکڑ اور کھیل داس کوہستانی الیکشن کمیشن کے ارکان میں شامل ہیں۔
پارٹی صدر کے الیکشن کیلئے امیدوار 27 مئی کی شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے، جمع شدہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 مئی کی دوپہر 1 تا 2 بجے ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کل 28 مئی کی سہ پہر 4 بجے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل نئے صدر کا انتخاب کریگی۔مسلم لیگ (ن) نے کل کے جنرل کونسل اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا، اجلاس کے دوران پارٹی آئین میں مجوزہ ترامیم کی جائیں گی۔
اجلاس میں مختلف قرار دادیں پیش کی جائیں گی، مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں طلب کیا گیا ہے۔
پارٹی صدارت کا معاملہ، مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس کل طلب



















