تائیوان کی آزادی مسترد،پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے، صدر

بیجنگ:(شہنوا)صدر مملکت آصف زرداری نے تائیوان کی آزادی کو کسی بھی شکل میں مسترد کرتے واضح کیا ہے پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے اور ہمیشہ بیجنگ کےساتھ کھڑا رہے گا۔

چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے دونوں ممالک کے مابین عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا لوگوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کےلئے مزید پالیسیوں کی ضرورت ہے،سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو نے قوم کو مشرق و چین کی طرف دیکھنے کا کہا تھا۔

صدر مملکت نے کہاپالیسیوں کا تسلسل چین کی معاشی کامیابی کی اہم وجہ ہے، پاکستان چین کے ترقیاتی عمل میں مزید شامل ہونے کی امید رکھتا ہے، 11 سال قبل پاک، چین اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر بندرگاہ میں بہت سے ترقیاتی کام ہوئے، گوادر بندرگاہ پوری دنیا سے ہمیشہ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔

آصف زرداری نے تائیوان کی آزادی کو کسی بھی شکل میں مسترد کرتے ہوئے کہا تائیوان چین کا حصہ ہے اورکوئی راستہ نہیں، پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے، پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور بیجنگ کے بنیادی مفادات کا تحفظ کرے گا۔