عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاری،گیس 10،ریل سفر 54فیصد تک سستا

لاہور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر،اپنے نمائندے سے)عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاری،گیس 10فیصد تک سستی،ریل کرایوں میں بھی کمی کردی گئی۔

سی پی پی اے نے اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی قیمت میں 3.49روپے یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی،نیپرا 30 مئی کو سماعت کرے گا،درخواست منظور ہونے پر صارفین پر 35 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے پیش نظر نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب اوگرا نے گیس قیمتوں میں 10فیصد تک کمی کرتے ہوئے مالی سال2024-25کےلئے سوئی کمپنیوں کی ضروریات کا تعین بھی کردیا،وفاقی حکومت کے مشورے کے مطابق کسی بھی نظرثانی کا نوٹیفکیشن اوگرا کی جانب سے جاری کیا جائے گاتب تک موجودہ زمرے کے لحاظ سے قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

ادھر ریلوے حکام نے ایک کلو سے 200 کلو میٹر تک تمام کلاسز کی ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی،ریلوے حکام کے مطابق بعض ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں 54 ،اے سی کلاس کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کی گئی ،لاہور تا راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرین ریل کار کی اکانومی کلاس کا کم سے کم کرایہ 100 روپے کر دیا گیا ،کرایوں میں کمی ایک ماہ کے دوران 2 مرتبہ ڈیزل سستا ہونے پر کی گئی۔