ٹیوٹا کے اداروں میں شام کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا: شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی، تدریسی ،لیبز کی اپ گریڈیشن اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران ٹیوٹا کے اداروں میں ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور رواں سال ماہ اکتوبر میں شام کی کلاسوں کا آغاز ہوجائے گا، اجلاس میں ٹیوٹا کی 20ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی ڈیمانڈ پورا کرنے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر بنانا ضروری ہے،اس مقصد کیلئے ٹیوٹا کے اداروں اور ان کی لیبز کی اپ گریڈیشن کا پلان بنایا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 6 اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا اور چیمبرز کی مشاورت سے ٹیوٹا بورڈ اور ڈسٹرکٹ بورڈز جلد مکمل ہوں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈمیا میں روابط بڑھانے کیلئے میکانزم بنالیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سینٹرز آف ایکسی لنس بنائے جارہے ہیں، صوبائی وزیر نے ٹیوٹا کے اداروں میں سٹاف اور طلبہ کی بائیو میٹرک حاظری کا سسٹم جلد شروع کرنے کی ہدایت کی، چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈئر (ر)ساجد کھوکھر نے ادارے کے ایشوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ اور ٹیوٹا کے افسران کی اجلاس نے اجلاس میں شرکت کی۔