ریاست ناراض بلوچوں سے مذاکرات کیلئے تیار، گڈ گورننس سے فاصلے کم ہوسکتے ہیں:وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان میں صحت اور تعلیم کے نظام کو بگاڑ دیا گیا، ترقی میں پیچھے رہنے کا یہ سلسلہ ہماری اپنی وجہ سے ہے، ریاست مذاکرات کےلئے تیار ہے لیکن دوسری جانب سے اس چیز کےلئے تیار نہیں، یہاں بسوں سے اتار کر مارا جاتا ہے، یہ کونسی بلوچی روایات ہیں، ان روایات کی نہ آئین اجازت دیتا ہے نہ ہی ہمارا اسلام، اس دہشت گردی کو روکنے کےلئے بات چیت کا راستہ اپنانے کا کہا جاتا ہے، بلوچستان کی ترقی میں نوجوان نسل کو شامل کرنا چاہئے، نوجوانوں کےلئے تربیتی پروگرام اور قرضوں کا پروگرام دے سکتے ہیں،سرفراز بگٹی نے کہا وہ آپ کا ملک وائلنس کے ذریعے توڑنا چاہتے ہیں، آپ بتائیں اس دہشت گردی کو روکنے کا طریقہ کیا ہے؟ پورا پاکستان کہتا ہے بلوچستان کا مسئلہ طاقت سے نہ حل کیا جائے، اب بھی ریاست بار بار مذاکرات اور بات کرنے کیلئے تیار ہے،اگر بات کرنے سے معاملات ٹھیک ہوجائیں تو اس سے بڑی بات کیا ہوسکتی ہے، پاکستان کے قیام کی افغانستان نے مخالفت کی تھی، نوکریوں کی فروخت میں جو بھی ملوث ہے اس کو سزا دی جائے، ہم نے اپنے معاملات کو خود ٹھیک کرنا ہے، فاصلوں کو ڈائیلاگ اور گڈ گورننس سے کم کیا جاسکتا ہے،سرفراز بگٹی نے مزید کہا لاہور سے کوئی پنجابی وزیراعلیٰ نہیں آیا، ہم بلوچستان کے لوگ اس کے ذمہ دار ہیں، ہم تاریخ وہاں سے شروع کرتے ہیں جہاں سے آدھا سچ بتایا جاتا ہے۔



















