ایک پارٹی ہٹ دھرمی پر قائم،سیاسی استحکام سب جماعتوں کے ملنے سے آئے گا : گورنر پنجاب
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا عام ورکر ہوں ،اللہ تعالیٰ نے گورنر بنایا ہے ،میری کوشش ہو گی گورنر ہاﺅس عام لوگوں کے لئے کھلا ہو،میرے قائد ذوالفقار بھٹو کا جو مشن تھا اس کو جاری رکھےں گے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے شاعر مشرق کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔رینجرر کے چاق وچوبند دستے نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو سلامی دی، گورنر پنجاب نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاںمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔سردار سلیم حیدر خان نے داتا دربار اور بی بی پاکدامن کے مزار پر بھی حاضری دی چادر یں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملکی حالات مشکلات کا شکار ہیں ، ان کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،سیاسی استحکام سب جماعتوں کے ملنے سے آئیگا ۔ انہوںنے کہا کہ ایک پارٹی تو ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور اس نے اس پر قائم رہنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں جہاں غلطی ہو گی اس کی نشاندہی کروں گا ،گورنر ہاس میں رہ کر عام آدمی کی بات کریں گے ۔



















