لاہور: (خبر نگار) سابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے چاہتا ہوں 9مئی واقعات پرآزاد کمیشن بنے،تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو سزا دی جائے جو ٹرائل کرنا ہے کریں مگر جو عوام نے انتخابات میں فیصلہ کیا اس کی عزت کی جائے،بانی پی ٹی آئی واحد لیڈرجو دنیا میں مقبول ہے،قدر کیجئے۔
سابق صدر مملکت عارف علوی نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنماﺅں ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا باہر جاکر میرا پیغام دے دیں جیل میں خوش ہوں، جتنی زیادتیاں کرنی ہیں کرو،مجھے جیل میں بلیوں ،چھپکلیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے، آدھا دن مقابلے ،آدھا دن کتابیں پڑھنے میں گزرتا ہے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا بانی پی ٹی آئی نے بار بار جمہوریت پر عملدرآمد ہی کی تاکید کی،دوستوں سے ملنے آیا تھا، بہت روز بعد ملا ،حال احوال اور پریشانیاں سنیں وہ انصاف کے متقاضی ہیں،عوامی مینڈیٹ کی عزت کریں۔
دریں اثنا سابق صدر نے پنجاب اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے ملاقات کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کیا جو ظلم کر رہا ہے وہ معافی مانگے یا جس پر ظلم ہورہا ہے وہ معافی مانگے؟، 8فروری کو عوام نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔
9مئی پر آزاد کمیشن بنا کر ملوث عناصر کوسزا دی جائے:عارف علوی



















