لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، نوجوان افسران پولیسنگ کے جدید رجحانات اور مہارتوں پر توجہ دے کرپبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کیرئیر میں ترقی کی منازل طے کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فری رجسٹریشن آف کرائم، موثر انویسٹی گیشن سے شہریوں کے مسائل کے فی الفور حل اور اوپن ڈور پالیسی کو اپنا شعار بنائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیسنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے کیرئیر کے آغاز میں مشکل پوسٹنگ کو ترجیح دیں،دیہاتی علاقوں میں فیلڈ ورک سے رورل پولیسنگ اور شہری علاقوں کی اربن پولیسنگ کا عملی تجربہ حاصل کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کمیونٹی پولیسنگ، شہریوں سے براہ راست رابطہ اور ماتحت فورس کی بہترین ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں،پولیسنگ ایک نوبل پروفیشن ہے، ملازمت کو ڈیوٹی نہیں خدمت اور عبادت سمجھ کر ادا کرنے کا عزم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 50 ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءامریکی ادارے یونائیٹڈ سٹیٹس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفدنے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ یو ایس آئی پی ”پولیس عوام ساتھ ساتھ پراجیکٹ“کے تحت کمیونٹی پولیسنگ اور عدم تحفظ کا شکار طبقات کی مدد، تحفظ اور معاونت کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ یو ایس آئی پی کے تعاون سے ویمن پولیس کونسل کا قیام اور وکٹم سپورٹ افسران کی جدید ٹریننگ سر انجام پائی، امریکی سپورٹ سے خواتین پولیس افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کمیونٹی پولیسنگ پراجیکٹس کی موثر سپرویڑن کیلئے تحفظ کے نام سے ٹرسٹ کے قیام کیلئے لیگل فریم ورک تشکیل دے رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام ہسپتالوں میں ٹرانس جینڈرز کے باآسانی طبی معائنے، میڈیکل سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات یقینی بنائے ہیں،سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ کی آسامیوں میں ٹرانس جینڈرز کی ریکروٹمنٹ کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں یو ایس آئی پی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ یو ایس آئی پی کے وفد کو تحفظ منزل فوسٹر ہوم، دیگر فلاحی پراجیکٹس بارے آگاہ کیا گیا، دوران ملاقات باہمی تعاون کو بڑھانے اور پنجاب پولیس کی جدید ٹریننگ کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا،تفصیلات کے مطابق امریکی ادارے یونائیٹڈ سٹیٹس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے وفدنے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس سے ملازمین اور انکے اہل خانہ کو درپیش ہر قسم کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ممکن ہو رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی اور پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں اور مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔
افسران عوامی مسائل کے فوری حل اور اوپن ڈور پالیسی کو شعار بنائیں :آئی جی پنجاب



















