لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام انتہائی بےہودہ ہے ، اپوزیشن مینڈیٹ والوں کی توہین کر رہے ہیں، یہ لوگ واضح طور پر ہار چکے ہیں،ضمنی الیکشن میں قصور اور کاہنہ کے حلقوں میں مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے جیتی،الیکشن میرٹ پر ہوا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے میاں نواز شریف کی قیادت ، شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ اور مریم نواز کی وزارت اعلیٰ پر بھر پور اعتماد کا ظاہر کیا ۔لوگ انتشار کی سیاست اور ہر وقت کے افراتفری کے ماحول سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر ہم 12کروڑ عوام کے مسائل کو حل کریں گے، عوامی نمائندوں کو عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھانا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ اگر جمہوریت کے ثمرات حاصل کرنے ہیں تو وہ پنجاب اسمبلی سے ہی ہوں گے۔ اپوزیشن نے دوران اجلاس کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔ تنقید برائے اصلاح ہوتی ہے نہ کہ تنقید برائے جھگڑا ۔ گذشتہ اجلاس میں ایوان میں شور شرابہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ یہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ہے یہ جلسہ گاہ نہیں۔پنجاب اسمبلی کو رولز آف پروسیجر کے مطابق چلاوں گا ۔ بطور سپیکر میرے نزدیک تمام رکن اسمبلی برابر ہیں، کسی کی بے توقیری میرا مقصد نہیں ہے ۔ اگر کوئی ممبر اخلاقیات سے گری بات کرتا ہے تو اس کا نوٹس لینا میرا آئینی فرض ہے۔
دھاندلی کا الزام انتہائی بےہودہ، اپوزیشن مینڈیٹ والوں کی توہین کررہی ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی



















