سیمنٹ کے تھیلوں پر ایکسپائری تاریخ کی تشہیر لازمی قرار دینے کی سفارش

اسلام آباد (مشرق نیوز) مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے سیمنٹ کے تھیلوں پر ایکسپائری تاریخ کی تشہیر لازمی قرار دینے کی سفارش کردی۔ سی سی پی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو سیمنٹ مینوفیکچررز کیلئے اپنے سیمنٹ کے تھیلوں پر ”مینوفیکچرنگ، پیکیجنگ اور ایکسپائری“ تاریخوں کو بہتر انداز میں ظاہر کرنا لازمی قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ پانچوں قسم کے سیمنٹ کیلئے پاکستان سٹینڈرڈ سپیسی فکیشن میں ترمیم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

سی سی پی کے پالیسی نوٹ کے مطابق عام حالات میں سیمنٹ تھیلوں میں 4 سے 6 ہفتوں کے ذخیرہ کرنے کے بعد اور منفی موسمی حالات یا زیادہ نمی میں کافی جلد اپنی طاقت کو نمایاں طور پر کھونے لگتا ہے۔ حکام کے مطابق سیمنٹ مینوفیکچررز رضاکارانہ طور پر اپنے سیمنٹ کے تھیلوں پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری بہتر تاریخوں کو پرنٹ نہیں کرتے، اس طرح کی معلومات کا ظاہر نہ کرنا صارفین کو گمراہ کرسکتا ہے جس سے تعمیراتی منصوبوں کی طاقت اور معیار متاثر ہو سکتا ہے۔