اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ایف آئی اے کو دلائل کیلئے لمبا وقت چاہیے تو سزا معطل کردیتے ہیں،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کےخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے فائیو ون سی اور ون ڈی میں سے ایک چارج لگنا ہے،وکیل سلمان صفدر نے دلائل دئیے سائفر اعظم خان کی کسٹڈی میں تھا انہوں نے سائفر وصول کیا، سائفر وزیراعظم کو دیا گیا یا نہیں ؟ وزیر اعظم نے لیا یا نہیں ؟ پراسیکیوشن کے ثبوت میں نہیں آیا ، میری پوزیشن ہے سائفر کاپی وزیر اعظم آفس سے گم ہو گئی یہی بات اعظم خان نے کہی، میکانزم کے مطابق اگر سائفر گم ہو جائے وزارت خارجہ کو رپورٹ کرنا ضروری ہے، محکمانہ انکوائری وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسروں نے کرنی ہے جو نہیں ہوئی ۔
سلمان صفدر نے کہا وزارت خارجہ کی جانب سے کوئی ریمائنڈر نہیں آیا جو آنا چاہیے تھا ، 28 مارچ کو وزارت خارجہ کو وزیراعظم آفس نے بتا دیا تھا ، وزارت خارجہ نے فوری آئی بی کو مطلع کرنا تھا جو نہیں کیا گیا اگر مرکزی الزام ہی کہیں نہیں کھڑا تو لاپرواہی کا چارج تو کھڑا ہی نہیں رہ سکتا، میرا پوائنٹ ہے ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں سائفر کاپی ہمارے حوالے کی گئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا لاپرواہی یا جان بوجھ کا چارج اعظم خان پر کیوں نہیں لگا ؟،سلمان صفدر نے کہا چارج ملزم پر لگتا ہے جب انہوں نے ملزم کو گواہ بنا دیا تو خود اپنا کیس خراب کر لیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا سائفر کی حفاظت اس لیے ہے کوئی دیکھ نہ لے، کیا کسی نے وہ سائفر دیکھا ؟،وکیل سلمان صفدر نے کہا نہیں، حتی کہ میں نے بھی نہیں دیکھا، کسی گواہ نے بھی متن پر کچھ نہیں کہا،اعظم خان کو گواہ بنانے سے پہلے پروسیجر فالو نہیں کیا گیا ، اعظم خان ایف آئی آر میں نامزد ملزم تھا اس لئے بھی بیان کی حیثیت نہیں ، جب اعظم خان کا 164 کا بیان ہوا تو جرح کا حق نہیں دیا گیا، اعظم خان کو بغیر پروسیجر کے ملزم سے گواہ بنایا گیا ، معافی قبول کرکے گواہ بنانے کی مثال نہیں ملتی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا جو آپ کہہ رہے ہیں بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کوئی ایسی چیز بتائیں جس کی بنیاد پر آپ کی یہ دلیل مان لیں؟ کیا اعظم خان کے غائب ہونے کے بعد واپس آ کر بیان دینے کا کوئی اثر ہوگا؟،وکیل سلمان صفدر نے کہا اعظم خان کا بیان تو قابل اعتبار نہیں ،عدالت نے مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی دلائل کا آغاز کردیں، اگر آپ کو لمبا وقت چاہیے تو سزا معطل کر دیتے ہیں، آپ پھر جتنا مرضی ٹائم لے لیں،عدالت نے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی
سائفر کیس،FIAکو دلائل کیلئے لمبا وقت چاہیے تو سزا معطل کردیتے ہیں،ہائیکورٹ

















