پاکستان کا چین کے تعاون سے ریلوے کو شمسی توانائی پر منتقل کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چین کے تعاون سے پاکستان ریلوے کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بھاری مالی نقصانات سے بچا جا سکے اور ریلوے کے انفراسٹرکچر میں گرین انرجی کی بنیاد رکھی جا سکے۔گوادر پرو کے مطابق ابتدائی طور پر زیادہ بجلی کی کھپت والی 100 سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ایک بار شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے بعد، اس ادارے کیلئے کم از کم ایک ارب روپے کی سالانہ بچت ہوگی۔سینئر پی آر حکام کے مطابق حکومت پاکستان اور چینی کمپنیاں ایک عملی ڈیل کرنے کیلئے بات چیت کر رہی ہیں۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اعلیٰ معیار کی سبز اور پائیدار ترقی کے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو ہم آہنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق ایک اور پی آر اہلکار نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے اور پاکستان کے لوگوں کیلئے سماجی و اقتصادی فوائد لاتے ہوئے ترقی کو تیز کیا ہے۔ کاربن سے پاک عالمی معیشت کو فروغ دینے کیلئے چین کا عزم قابل تعریف ہے۔گوادر پرو کے مطابق حکام نے بتایا کہ ریلوے انتظامیہ نے نیسپاک کو منتخب سائٹوں پر سولر پینلز کی تنصیب کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرنے کیلئے تفویض کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے رہائشی کمپلیکس میں سے اب تک 26,660 میں سے 16,535کو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کراچی الیکٹرک کو مالی نقصانات سے بچانے کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائشی کمپلیکس کے بجلی کے میٹر محکمے کی جانب سے ڈسکوز میں منتقل کئے جا رہے ہیں اور اس اقدام کے نتیجے میں اب تک 1.3 بلین روپے کی بچت ہوئی ہے۔