یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین،سردار سیدال خان ڈپٹی چیئرمین سینٹ منتخب

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کا بائیکاٹ، پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے سردار سیدال خان ڈپٹی چیئرمین سینٹ منتخب ہوگئے، دونوں نے حلف اٹھا لیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کےلئے ایوان بالا کا اجلاس ہوا، اسحاق ڈار نے نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیا، سینیٹرزنے حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبرز پر دستخط کئے، پیپلز پارٹی 18، مسلم لیگ (ن) 14 اور جے یو آئی (ف) کے 3 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھایا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور آزاد سینیٹر حلف اٹھایا، آزاد حیثیت میں منتخب فیصل واوڈا اور جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع نے حلف نہیں اٹھایا۔

اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی اراکین نے چیئرمین ڈائس کا گھیراﺅ کرکے شدید احتجاج کیا اور ”چوری کا سینٹ الیکشن نامنظور“ کے نعرے لگائے۔

سینیٹر علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب غیرآئینی ہے، خیبر پختونخوا سینیٹرز کے بغیر ایوان نامکمل ہے، سینٹ ہاو¿س آف فیڈریشن، ہر صوبے کو نمائندگی کی اجازت ہے، کسی ایک صوبے کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن نہیں ہوسکتا، جب تک سینٹ مکمل نہیں ہوتا تب تک کسی قسم کا الیکشن اخلاقی و قانونی طور پر ناجائز ہوگا، جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اجلاس کو ملتوی کیا جائے، سینیٹرز کی حلف برداری کے بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن کیلئے وقت مقرر کیا گیا،یوسف رضا گیلانی اور سردار سیدال خان ناصر کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے، دونوں بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینٹ کے عہدے کا حلف لیا، یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھال کر ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے حلف لیا۔

نومنتخب چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا پارٹی لیڈرشپ، اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینٹ فیڈریشن کی علامت ہے،سب کو ساتھ لیکر چلوں گا، چیئرمین سینٹ نے خیبرپختونخوا میں انتخاب کرانے میں مدد کےلئے مشروط پیشکش کرتے ہوئے اجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا۔ بعدازاںسینٹ سیکرٹریٹ نے دونوں کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے نو منتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں، امید ہے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینٹ آئین کی سربلندی، ملکی ترقی کےلئے کردار ادا کریں گے۔ شہبازشریف نے کہاوفاقی اکائیوں کی مضبوطی کےلئے سینٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، امید ہے آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے موثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔