پی ٹی آئی نے حکومت کیخلاف ہم خیال جماعتوں کاگرینڈ الائنس تشکیل دےدیا

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)پی ٹی آئی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کےلئے ہم خیال سیاسی جماعتوں کےساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دےدیا ۔

ذرائع کے مطابق الائنس میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے محمود اچکزئی سربراہی کریں گے اور وہ 3دن کے اندر فضل الرحمن سے ملاقات کر کے الائنس میں شمولیت کی دعوت دیں گے،پی ٹی آئی ، جے یو آئی محمود اچکزئی کی سربراہی میں ساتھ چلیں گے ،الائنس میں جماعت اسلامی کو بھی بڑا عہدہ ملنے کاامکان ہے۔

قبل ازیں اپوزیشن کی 5جماعتوں کا گرینڈ الائنس پراجلاس ہوا،جماعت اسلامی سے لیاقت بلوچ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر مینگل، پی ٹی آئی چیئرمین گوہر خان، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس ،اسد قیصر ،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے شرکت کی، اہم بیٹھک میں اپوزیشن اتحاد کی تشکیل پر مشاورت کی گئی اوراہم فیصلے کیے گئے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے بشریٰ کی فوری رہائی اور خصوصی طبّی معائنے کا مطالبہ کر دیا،ترجمان پی ٹی آئی نے کہابشریٰ کو مبینہ طور پر زہر دیئے جانے کے معاملے کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں، دوران قید بانی پی ٹی آئی و اہلیہ کے بنیادی حقوق غصب کئے جارہے ہیں،بشریٰ کو ہدف بنانے کا واحد مقصد بانی پی ٹی آئی کے حوصلوں کو توڑنا ہے،کسی قسم کا گزند پہنچا تو ذمہ دار جیل انتظامیہ، حکام اور ریاست ہوں گے۔

مزید برآں پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہاصنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی ایک اور جھوٹے مقدمے میں گرفتار ی قابل مذمت ہے ،مینڈیٹ چور سلیکٹڈ وزیر اعلیٰ کی تسکین کیلئے نہتی خواتین کو مسلسل ریاستی بربریت و انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،عدلیہ جیل میں ناحق قید خواتین کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے آئینی کردار ادا کرے۔