لاہور:(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے غیر ملکی سرمایہ کاری اور سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی بارے اہم پیغام جاری کر دیا، آئی جی نے کہا ملک میں جمہوری اور سیاسی استحکام آنے کے بعد سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی راہ ہموار ہوئی ہے،پاکستان کے اندر بیرونی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی ترقیاتی پراجیکٹس ملکی ترقی کی ضمانت ہیں تاہم پاکستان کے سیاسی و معاشی استحکام سے خائف ہمارا دشمن دہشت گردی کے ذریعے ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہاپاکستان کے سکیورٹی اداروں نے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے، سی پیک سمیت سرمایہ کاری منصوبوں پر کام کر رہے چینی و غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی ہماری اولین ذمہ داری ہے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ، ایگزیکٹو پولیس سی پیک و دیگر منصوبوں پر چینی و غیر ملکی شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے،سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ اور ایگزیکٹو پولیس کا ملکی سکیورٹی اور تعمیر و ترقی میں خصوصی کردار ہے،پنجاب پولیس سکیورٹی اداروں کےساتھ مل کر ملکی ترقی کے دشمنوں اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے گی۔
دوسری جانب آئی جی کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی دھاتی ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت قانون شکنوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیاگیا ،24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ملزمان کےخلاف 49 مقدمات درج کرتے ہوئے44 ملزموں کو گرفتارکر کے قبضے سے 987 پتنگیں اور 67 چرخیاں برآمد کی گئی ہیں ۔
مزید بر آں انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے سیف سٹی پراجیکٹ اور خدمت مرکز لیاقت باغ کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیا،آر پی او راولپنڈی نے ڈاکٹر عثمان انور کو زیر تکمیل پراجیکٹس پر کام کی پیش رفت بارے بریفنگ دی، آئی جی پنجاب نے ترقیاتی پراجیکٹس کو اعلی معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات دیں جبکہ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ1 ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے آفیشئیٹنگ سے انسپکٹر رینک پر ریگولر کنفرم ہونے والے افسران کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ1 ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے کہا نوٹیفیکیشن میں پروبیشن پیریڈ مکمل کرکے کنفرم ہونے والے لاہور سمیت مختلف اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں تعینات 118 انسپکٹر شامل ہیں، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 1 ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے انسپکٹر رینک پر مزید محکمانہ ترقیوں کا عندیہ بھی دیا۔
سرمایہ کاری ملکی ترقی کی ضمانت،سی پیک کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے:آئی جی



















