لاہور:( اپنے رپورٹر سے )پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران 3431ارب 71کروڑ 56لاکھ 66 ہزار 423 روپے مالیت کے 42مطالبات زر منظور کر لئے گئے۔
اپوزیشن کی کٹوتی کی 7میں سے 4تحاریک کثرت رائے سے مسترد جبکہ تین وقت گزر جانے کے بعد گلوٹین قانون کا شکار ہو گئیں ،اپوزیشن نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر اور سپیکر ڈائس کا گھیراﺅ کر کے شدید احتجاج کیا اورایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھالتے رہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روزبھی مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ 36منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے منتخب رکن اسمبلی احمر رشید بھٹی نے رکنیت کا حلف اٹھایا۔
بعد ازاںپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مطالبات زر پر پر ووٹنگ اور بحث کا آغاز کیا گیا ، اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئیں 7 کٹوتی کی تحاریک پر بحث کا آغاز کیا گیا ،وزیر خزانہ نے محکمہ آبپاشی کےلئے 30ارب 83کروڑ 76لاکھ 85ہزار کا مطالبہ زر ایوان میں پیش کیا،اپوزیشن نے مطالبات زر کی مخالفت کرتے ہوئے بحث کا آغاز کردیا، پنجاب اسمبلی میں محکمہ آبپاشی کی ڈیمانڈ منظور کر لی گئیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی کٹوتی کی تحاریک مسترد کر دی گئی ، حکومت نے پولیس کے 163ارب روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کر لیے۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما امتیاز شیخ کی جانب سے خواتین کو خیراتی سیٹس کا طعنہ دینے پر ایوان میں شور شرابا کیا گیا،امتیاز شیخ اور خلیل طاہر سندھو کے درمیان نوک جھوک بڑھ گئی اور بات تلخ کلامی تک پہنچ گئی،سپیکر نے اپوزیشن کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ایک موقف کو بار بار نہ دہرایا جائے، بجٹ اجلاس کا طریقہ کار طے ہے اس سے انحراف نہیں ہوسکتا، آپ اپنے بولنے والے اراکین کی فہرست ہمیں دے چکے ہیں، پنجاب اسمبلی کی جانب سے مجموعی طور پر کٹوتی کی سات تحاریک پیش کی گئیں جن میں سے چار تحاریک کثرت رائے سے مسترد جبکہ زراعت ، سول ورکس اور کمیونی کیشن کی کٹوتی کی تحاریک پر گلوٹین قانون کا نفاذ کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج، سپیکر ڈائس کا گھیراﺅ



















