واسا، ملازمین کو رہائش کی سہولت میرٹ کی بجائے سیاسی اثر وسوخ کی بنیاد پر

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ کا ملازمین کو رہائش کی سہولت کیلئے میرٹ کی بجائے سیاسی اثر وسوخ اور شہر میں ذاتی گھر کی بنیاد پر الاٹمنٹ کا قانون نافذ، متعدد مزدور رہنماﺅں نے ملکیتی گھروں کو کرایہ پر دے کر کمائی کا ذریعہ بنا لیا، عرصہ دراز سے ضرورتمند ملازمین الاٹمنٹ کے منتظر ۔تفصیلات کے مطابق واسا انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کے ایسے افسران و ملازمین جن کے شہر میں ذاتی گھر موجود نہیں اور کرایہ پر گزارا کر رہے ہیں، انکو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کررکھی ہے جس میں متعلقہ افسر یا ملازم کو اس کے سکیل کے مطابق الاٹمنٹ کی جا رہی ہے اس میں ہاﺅسنگ کے ایس او پیز کے مطابق قوانین کو لازمی قرار دینا ضروری ہے جس میں افسر یا ملازم کی جانب سے تحریری درخواست ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں جمع کروائی جاتی ہے اس کو لسٹ میں شامل کرتے ہوئے میرٹ پر الاٹمنٹ کرنا قانون کے مطابق ہے جبکہ واسا ایڈمن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی اثر وسوخ سمیت من پسند افسران کو الاٹمنٹ کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واسا مزدور کی نمائندگی کرنے والے لیڈر کو حاجی پارک عمر روڈ پر 2 منزلہ ذاتی گھر ہونے کے باجود اقبال ٹاﺅن پوش علاقہ میں الاٹمنٹ کے ساتھ لگژری گھر کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ سے زائد فنڈز بھی فراہم کئے گئے ہیں جبکہ عرصہ دراز سے ایسے ملازمین جو شہر میں کرایہ پر گزر بسر کر رہے ہیں اور ضرورت مند ہیں الاٹمنٹ کے حصول کی خاطر درخواست دے رکھی ہیں اس کو التوا میں ڈال رکھا ہے۔ اس پر شیر یونین کے صدرکی طرف سے 2022میں ایم ڈی واسا کی تحریری درخواست دی گئی تھی جس میں ان کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ الاٹمنٹ میرٹ کی بجائے سیاسی شخصیات کو نوازا جا رہا ہے اور ضرورت مند ملازمین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جبکہ ان کی جانب سے عرصہ دراز سے ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں درخواست بھی جمع کروا رکھی ہے جبکہ ایسے ملازم جو ہمارے واسا لیبر یونین کے ہیں ان کے ذاتی گھر ہونے کے باوجود الاٹمنٹ کی گئی ہے درخواست میں ان کی جانب سے ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی الاٹمنٹ کو منسوخ کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیل 17کے افسر گزشتہ سال 2023میں گرین ٹاﺅن ٹینکی پر الاٹمنٹ کی اور تعمیر کی خاطر فنڈز بھی جارے کئے جو کہ تکمیل کے بعد سرکاری گھر میں شفٹنگ کے بعد ذاتی گھر کو کرایہ پر دے رکھا ہے جس کو آمدنی کا ذریعہ بنا رکھا ہے جبکہ متعدد افسران و ملازمین کرایہ پر رہ رہے ہیں، انکو الاٹمنٹ کی بجائے ٹال مٹول کی منصوبہ بندی اختیار کررکھی ہے۔ ایڈمن ڈائریکٹر کی جانب سے الاٹمنٹ خلاف قانون کرنے کی منصوبہ بندی تاحال جاری ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ آئندہ چند روز میں ذاتی گھروں کی مکمل تصاویری ثبوت کے ساتھ نشاندہی کریگا ۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا کی جانب سے الاٹمنٹ کو میرٹ کی بنیاد پر کرنے کے احکامات کر رکھے ہیں اگر اس میں ڈائریکٹر ایڈمن کی جانب سے کوئی عمل احکامات کے خلاف کیا جا رہا ہے تو اس کی تحقیقی کروا لیتے ہیں تاکہ الاٹمنٹ ضرورت مند کو کی جا سکے، باقی مشعل یونین کے صدرکی جانب سے الاٹمنٹ کے حوالہ سے کیا درخواست دی گئی تھی اس کو چیک کروایا جائیگا۔ اگر ایس او پیز کی شرائط کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ثابت ہونے پر الاٹمنٹ منسوخ بھی ہو سکتی ہے۔