طورخم پر ایف سی ،ایف آئی اے اہلکارگتھم گتھا،کئی زخمی

پشاور:(بیورورپورٹ)طورخم سرحد پر ایف سی اور ایف آئی اے اہلکارگتھم گتھا،متعدد زخمی ہوگئے،ذرائع کے مطابق طورخم امیگریشن سیکشن میں 2بار ایف سی ،ایف آئی اے میں ہاتھا پائی ہوئی، زخمیوں میں ایف آئی اے کے 13 اہلکار شامل ہیں۔

متعدد زخمی اہلکاروں کو لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی،ایف آئی اے امیگریشن عملے نے احتجاجا دفاتر بند کردئیے،پیدل آمد و رفت کو کچھ دیر بند رہنے کے بعد بحال کردیا گیا،ایف آئی اے کے مطابق کئی روز سے مسلسل امیگریشن اختیارات میں مداخلت کی جارہی تھی، حکام نے مداخلت سے منع کیا لیکن ایف سی کے باز نہ آنے پر لڑائی ہوئی،امیگریشن سیکشن میں ایف سی عملے کی مسلسل مداخلت اختیارات سے تجاوز ہے۔

دوسری جانب فرنٹیئر کور نے کہا طورخم زیرو پوائنٹ پر سفری دستاویزات چیک کرنا اور سرحد کی سکیورٹی ایف سی اہلکاروں کا اختیار ہے، سکیورٹی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ایف سی اہلکار مسافروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔