پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے: صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

یوم پاکستان پر پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہان کو سلام اور پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی قیادت میں 7 سال بعد ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کی، پاکستانی قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزری ہے۔